استغفار: دل کی صفائی کا نورانی عمل
استغفار
دل کی صفائی کا نورانی عمل
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اے اللہ! ہم تیری حمد بیان کرتے ہیں، تیری تعریف کرتے ہیں اور تجھ سے مغفرت مانگتے ہیں۔
استغفر اللہ ربی من کل ذنب وأتوب إلیه۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "واللہ! میں دن میں ستر مرتبہ سے زیادہ اللہ سے استغفار کرتا ہوں اور اس کی طرف توبہ کرتا ہوں۔" (صحیح بخاری، حدیث نمبر: 6307)
یہ حدیث ہمارے لیے ایک عظیم درس ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ جو معصوم عن الخطا تھے، گناہوں سے پاک تھے، پھر بھی دن میں ستر سے زیادہ بار استغفار کرتے تھے۔ یہ عمل امت کے لیے ایک پیغام ہے کہ استغفار کثرت سے کریں، کیونکہ یہ دل کے زنگ کو دور کرتا ہے، اللہ کی رحمت کو جذب کرتا ہے اور بندے کو اپنے رب کے قریب کرتا ہے۔
استغفار کیا ہے؟
استغفار اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی مانگنا ہے۔ یہ صرف زبان کا عمل نہیں بلکہ دل کی توبہ ہے، جہاں بندہ اپنی خطاؤں پر شرمندہ ہوتا ہے، ان سے رجوع کرتا ہے اور آئندہ نہ کرنے کا عزم کرتا ہے۔
استغفار وہ کلینگ مٹرئل ہے جو انسان کے دل سے تکبر کے غبار کو صاف کرتا ہے۔ دل پر گناہوں کا زنگ لگ جاتا ہے، تکبر، حسد، غفلت اور دیگر برائیاں اسے سیاہ کر دیتی ہیں۔ استغفار اس زنگ کو دور کرنے والا نورانی پولش ہے جو دل کو چمکا دیتا ہے، اسے اللہ کی یاد سے بھر دیتا ہے۔
رسول اللہ ﷺ کی یہ تاکید امت کے لیے تھی کہ اپنے دل کو تکبر اور غفلت کے غبار سے پاک کرو، چاہے دن میں ستر بار بھی استغفار کرنا پڑے۔ کیونکہ پاک دل ہی اللہ کا قرب حاصل کرتا ہے۔
استغفار کے نورانی فوائد
قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں استغفار کی بے شمار فضیلتیں بیان ہوئی ہیں:گناہوں کی معافی: استغفار گناہوں کو مٹا دیتا ہے، چاہے وہ چھوٹے ہوں یا بڑے۔
دل کی صفائی: جیسے تانبے پر زنگ لگ جاتا ہے، دل پر بھی گناہوں کا زنگ چڑھ جاتا ہے۔ استغفار اسے صاف کرتا ہے۔
رحمت اور برکات کا نزول: اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: "استغفار کرو تو میں تمہیں رزق میں اضافہ دوں گا، تمہیں اولاد عطا کروں گا اور تمہارے لیے باغات اور نہریں پیدا کروں گا۔" (سورۃ نوح)
مشکلات کا حل: استغفار پریشانیوں کو دور کرتا ہے، دعائیں قبول ہوتی ہیں اور رزق کے دروازے کھلتے ہیں۔
جنت کا راستہ: کثرت سے استغفار کرنے والا جنت کا مستحق بنتا ہے۔
سید الاستغفارسب سے افضل استغفار یہ ہے
اللَّهُمَّ أَنْتَ رَبِّي لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ، خَلَقْتَنِي وَأَنَا عَبْدُكَ، وَأَنَا عَلَى عَهْدِكَ وَوَعْدِكَ مَا اسْتَطَعْتُ، أَعُوذُ بِكَ مِنْ شَرِّ مَا صَنَعْتُ، أَبُوءُ لَكَ بِنِعْمَتِكَ عَلَيَّ، وَأَبُوءُ بِذَنْبِي فَاغْفِرْ لِي فَإِنَّهُ لَا يَغْفِرُ الذُّنُوبَ إِلَّا أَنْتَ۔
جو شخص دن میں یقین کے ساتھ پڑھے اور شام سے پہلے مر جائے تو جنتی ہے، اور رات میں پڑھے تو صبح سے پہلے مر جائے تو جنتی ہے۔ (صحیح بخاری)
اے مسلمان بھائیو اور بہنو
آئیے آج سے عہد کریں کہ روزانہ کم از کم 100 بار "أستغفر اللہ وأتوب إلیه" پڑھیں۔
یہ چھوٹا سا عمل ہمارے دلوں کو نورانی بنا دے گا، ہماری زندگیوں کو برکت دے گا اور آخرت کو سنوار دے گا۔
اللہ ہم سب کو کثرت سے استغفار کرنے کی توفیق عطا فرمائے

Comments
Post a Comment